صدر رجب طیب ایردوان اور خاتون اول ایمنہ ایردوان نے ملاطیا میں AFAD ٹیکنوکینٹ عارضی رہائش گاہ میں زلزلہ متاثرین کے ساتھ افطار ڈنر کا اشتراک کیا۔

افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے زلزلہ زدہ بھائیوں اور بہنوں کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

ہم زلزلہ زدہ علاقوں اور دیگر صوبوں میں رہنے والے اپنے تمام آفت زدگان کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم آپ کو آپ کے نئے گھر فراہم کرنا چاہتے ہیں، جہاں آپ آرام سے رہیں گے۔

صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ہم نے تقریبا 100 ہزار رہائش گاہوں اور گاوں کے گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے۔انشاللہ عید الفطر کے موقع پر ہم پہلے 2 صوبوں میں گھروں کو انکے مالکان کے حوالے کریں گے۔ملاطیا میں کل 70 ہزار رہائش گاہیں اور 20 ہزار 300 دیہاتی مکان تعمیر کیے جائیں گے۔

ترکیہ کی کار توگ اور ٹی سی جی انادولو یو اے وی کیرئیر جہاز کو سنچری آف ترکیہ کے پیش خیمہ کے طور پر سراہتے ہوئے صدر ایردوان نے کہاکہ توگ کو پہلے ہفتے میں 1 لاکھ 77 ہزار پری آرڈر موصول ہوئے۔

اس ماہ کے آخر تک، ہم ترکیہ کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ، Akkuyu کے پہلے یونٹ کو شروع کر رہے ہیں۔ اور ساتھ ہی، بہت جلد، ہم بحیرہ اسود میں دریافت ہونے والی قدرتی گیس کو اپنے قومی نظام میں شامل کر رہے ہیں۔
