وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح وفود نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ترکیہ کے وفد میں وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یاشار گولر اور مسلح افواج کے سربراہ جنرل سلجوق بائرکتار اوغلو شامل تھے۔
سعودی وفد کی قیادت وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کی، جبکہ وفد میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مسلح افواج کے سربراہ جنرل فیاض بن حامد الرویلی بھی شامل تھے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مکہ دفاعی اتحاد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد اور پُرعزم ہیں۔ انہوں نے اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
ملاقات میں تینوں ممالک کے نمائندوں نے خطے کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک شامل تھے۔
