Turkiya-Logo-top

استنبول میں عالمی حلال سمٹ کا آغاز، ڈی-ایٹ تنظیم کی جانب سے 500 ارب ڈالر کی باہمی تجارت کے لیے ‘حلال تجارتی راہداری’ قائم کرنے کی تجویز

آٹھ ترقی پذیر اسلامی ممالک کی تنظیم (ڈی-8) کے سیکرٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے رکن ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو 2030 تک 500 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے ایک مربوط حلال تجارتی راہداری اور ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

استنبول میں 12 ویں عالمی حلال سمٹ اور حلال ایکسپو 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے پائیدار حلال معیشت کے فروغ، غذائی ضیاع کی روک تھام اور رکن ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

صدر رجب طیب ایردوان کی سرپرستی میں 25 سے 28 نومبر تک جاری رہنے والی اس چار روزہ سمٹ کا موضوع ’’پائیدار حلال معیشت: ضیاع کا خاتمہ، ترقی کو بااختیار بنانا‘‘ ہے۔ افتتاحی تقریب میں ترکیہ کے وزیر تجارت عمر بولات سمیت مختلف ممالک کے وزراء، عالمی تنظیموں کے نمائندوں اور حلال صنعت سے وابستہ کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

سفیر سہیل محمود کا کہنا تھا کہ حلال اور طیب کے اسلامی اصول محض خوراک یا مصنوعات کے معیار تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسے متوازن معاشی نظام کی بنیاد فراہم کرتے ہیں جس میں تجارتی ترقی کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ذمہ داری بھی شامل ہو۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خوراک کا ضیاع ایک اہم معاشی اور ماحولیاتی مسئلہ بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے وسائل کے بہتر استعمال، عوامی آگاہی اور پائیدار پیداواری نظام کو فروغ دینا ضروری ہے۔

ڈی-8 سیکرٹری جنرل نے اس سلسلے میں ترکیہ کی خاتون اول امینہ ایردوان کے غذائی ضیاع کی روک تھام سے متعلق اقدامات اور عالمی زیرو ویسٹ تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم موسمیاتی و ماحولیاتی تعاون کے لیے منظور کردہ انطالیہ وزارتی ایکشن فریم ورک کے تحت بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

سفیر سہیل محمود نے کہا کہ حلال معیشت کو ڈی-8 کی ترجیحات میں شامل کرنے کے لیے پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے جولائی 2026 میں انڈونیشیا میں منعقد ہونے والی پہلی ڈی-8 حلال ایکسپو کو اس سلسلے میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق انڈونیشیا نے آئندہ صدارت کے دوران حلال معیشت کو ترجیح دینے اور ڈی-8 حلال معیشت تعاون سیکرٹریٹ کی میزبانی کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

انہوں نے رکن ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے تین بنیادی ترجیحات بیان کیں، جن میں حلال مصنوعات کے معیارات اور سرٹیفیکیشن کے نظام میں ہم آہنگی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعے پائیدار پیداواری نظام کی تشکیل، اور چھوٹے و درمیانے کاروبار، نوجوانوں اور خواتین کاروباری شخصیات کے لیے سرمایہ کاری اور اسلامی مالیات کے مواقع بڑھانا شامل ہیں۔

ڈی-8 سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مربوط حلال تجارتی راہداری، ڈیجیٹل حلال مارکیٹ پلیس اور سرمایہ کاری کے مشترکہ پلیٹ فارم کے قیام سے رکن ممالک کے لیے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی آسان ہو سکتی ہے، جبکہ تجارتی روابط، سرمایہ کاری اور سپلائی چین کو بھی مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

ان کا کہنا تھا کہ ڈی-8 ترجیحی تجارتی معاہدے پر مؤثر عمل درآمد اور اسلامی ممالک کے انسٹی ٹیوٹ برائے معیارات و پیمائش (سمیک) کے ساتھ تعاون ان اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

افتتاحی تقریب کے بعد سفیر سہیل محمود اور ڈی-8 کے وفد نے حلال ایکسپو 2026 میں مختلف ممالک کے نمائشی اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں حلال مصنوعات، خدمات اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق اختراعات پیش کی گئی ہیں۔

Read Previous

پاکستان بنگلہ دیش بڑھتی قربتیں! 26 معاہدوں کی تیاری

Leave a Reply