پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، دونوں ممالک نے سیاسی، اقتصادی اور پارلیمانی تعاون کو نئی وسعت دینے کے لیے اہم رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کی سربراہی میں پارلیمانی وفد پاکستان کے دورے پر ہے، جہاں اعلیٰ حکومتی و سیاسی قیادت سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان آنے والے وفد میں بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کی چیئرپرسن جہرات ادیب چوہدری سمیت 5 ارکانِ پارلیمنٹ شامل ہیں۔ وفد کے اعزاز میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے تعلقات، مشترکہ مفادات اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پارلیمانی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہیں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ بھی کروایا گیا جہاں کمانڈنٹ اکیڈمی لیفٹیننٹ جنرل افتخار حسن چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بنگلہ دیشی اسپیکر نے اکیڈمی میں گزارے گئے اپنے وقت اور وہاں حاصل ہونے والی فوجی تربیت کی یادیں بھی تازہ کیں۔ ملاقات میں تجارت، معیشت، تعلیم، دفاع، زراعت، صنعت، غذائی تحفظ، قدرتی آفات سے نمٹنے اور ڈیجیٹل گورننس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر تقریباً 26 مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر بھی پیش رفت زیرِ بحث آئی۔ ان مجوزہ معاہدوں کا مقصد مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے باقاعدہ ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرنا اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات کو وسعت دینا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے دورے پر موجود بنگلہ دیشی میڈیا نمائندوں کی ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے ملاقات ہوئی، جبکہ وزارتِ خارجہ کے دورے کے موقع پر انہیں وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے ایشیا پیسیفک ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور اہم علاقائی و عالمی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے دیرینہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ میں علاقائی و عالمی پیش رفت کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا گیا۔

بنگلہ دیشی میڈیا وفد نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ بھی کیا، جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے وفد کو حکومت کے ڈیجیٹل میڈیا اقدامات، آن لائن بیانیوں کی نگرانی اور غلط معلومات و جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈیجیٹل میڈیا کے کردار، معلومات کی درست ترسیل اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

29 نومبر تک جاری دورے کے دوران وفد کی اسلام آباد کے علاوہ لاہور اور کراچی میں بھی مختلف سرگرمیاں اور ملاقاتیں شیڈول ہیں جن میں پارلیمانی سفارت کاری، تجارت، دفاع، تعلیم اور فضائی و بحری رابطوں سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
