Turkiya-Logo-top

پاکستان اور اردو زبان کے لیے ایک نیا اعزاز، روسی خبر رساں ادارے سپتنک نے اپنی اردو نیوز سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا

روسی خبر رساں ادارے سپتنک نے اپنی اردو نیوز سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان اور روس کے درمیان ذرائع ابلاغ کے شعبے میں تعاون کے فروغ اور اردو زبان کے عالمی تشخص کے حوالے سے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ماسکو میں اردو سروس کے آغاز پر پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے سپتنک کی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی سروس دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، عوامی روابط اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گی۔

سپتنک دنیا بھر میں 30 سے زائد زبانوں میں خبریں اور معلومات فراہم کرتا ہے۔ ادارے کے 26 ادارتی مراکز یورپ، ایشیا، لاطینی امریکہ، افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں قائم ہیں۔ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سبسکرائبرز کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اس کی ریڈیو نشریات دنیا بھر میں 21 کروڑ سے زائد سامعین تک پہنچتی ہیں۔

اردو سروس کے آغاز کے موقع پر سپتنک نے ماسکو میں اپنے اسٹوڈیو میں روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا اردو زبان میں پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کیا۔ انٹرویو میں پاکستان اور روس کے بڑھتے ہوئے تعلقات اور ذرائع ابلاغ کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔

سپتنک کی اردو سروس کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف عنقریب روس کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے والے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔

واضح رہے کہ بی بی سی اور ڈی ڈبلیو جیسے عالمی نشریاتی ادارے بھی کئی دہائیوں سے اردو زبان میں خبریں اور معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ سپتنک کی اردو سروس کے آغاز سے عالمی ذرائع ابلاغ میں اردو زبان کے لیے ایک اور پلیٹ فارم کا اضافہ ہو گیا ہے۔

Read Previous

اسلام آباد میں سفارت کاری کا بڑا اجتماع!

Leave a Reply