اسلام آباد میں پاکستان کے سیکریٹری خارجہ عاصم افتخار احمد سے ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ترک ایوانِ صدر کے شعبۂ اطلاعات کے نائب سربراہ فرحت پیرنچی کر رہے تھے جس میں ترکیہ کے سابق وزیرِ دفاع فکری ایشک، ترک پارلیمان کے ارکان اور ایوانِ صدر کے شعبۂ اطلاعات کے سینئر حکام شامل تھے۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو بھی وفد کے دورے کے دوران ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں مضبوط دوطرفہ روابط پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور اسٹریٹجک کمیونیکیشن کے شعبے میں مشترکہ اقدامات کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس موقع پر غلط معلومات اور گمراہ کن بیانیوں کے تدارک کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ترک وفد نے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے بھی ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل میڈیا گورننس، آن لائن تحفظ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے متعلق چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون کو آگے بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
