ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں خلیج کی تازہ صورتحال اور علاقائی کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق گفتگو میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور خطے میں جاری تنازعات کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں بھی زیرِ بحث آئیں۔ 18 نومبر کو ایران کے کویت میں علی السالم ایئر بیس پر حملے اور بحرین کی جانب سے ایرانی حملوں کو روکنے کے دعووں کے بعد خلیجی خطے میں کشیدگی جاری ہے۔
دریں اثنا، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے سے عالمی توانائی کی رسد اور تیل کی تجارت بھی دباؤ کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں علاقائی تنازعات کے خاتمے اور خلیج میں استحکام کے لیے ترکیہ اور امارات کے درمیان یہ سفارتی رابطہ اہمیت رکھتا ہے۔
