Turkiya-Logo-top

رواداری کا عالمی دن: وزیراعظم پاکستان کا نفرت و تعصب کے خاتمے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا عزم

رواداری کے عالمی دن پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکسان کے عالمی برادری کے ساتھ مل کر انسانی وقار، پُرامن بقائے باہمی اور احترام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد، نظریات اور حقوق کا احترام ہی رواداری کا بنیادی اصول ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات صبر، تحمل، ہمدردی، عدل و انصاف اور احترامِ انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ بھی دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک اور رواداری کا عملی نمونہ ہے۔

وزیراعظم کے مطابق آئینِ پاکستان مذہب، رنگ اور طبقے کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق، تحفظ اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت دیتا ہے۔ حکومت بھی بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتوں اور کمزور طبقات کے تحفظ، مذہبی رواداری اور نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 کو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے قانونی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی اقدامات کو مؤثر ادارہ جاتی تحفظ اور انصاف تک بامعنی رسائی میں تبدیل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ رواداری اور باہمی احترام کی تربیت کا آغاز گھر سے ہوتا ہے، جبکہ تعلیمی ادارے، عبادت گاہیں اور معاشرتی حلقے بھی اس سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ، سول سوسائٹی اور سرکاری اداروں سمیت بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعصب کو مسترد کریں، اختلافات کا احترام کریں اور نفرت و تشدد کے خلاف اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہم آہنگ معاشرے کے قیام کے لیے باہمی افہام و تفہیم اور انسانی حقوق کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Read Previous

ٹرمپ عالمی جنگیں ختم کروائیں! عراقی صدر کا امریکی صدر سے انتخابی وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ

Read Next

ہم ایک پُرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں : وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار

Leave a Reply