پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ ان کے بقول مشترکہ وژن کے تحت ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ترک سفیر نے ان خیالات کا اظہار ترکیہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں دوست: پاکستان ترکیہ فرینڈشپ فورم کے زیرِ اہتمام ایک بین الاقوامی آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے گہرے دوطرفہ تعلقات کی بنیاد صرف ادارہ جاتی تعاون نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مخلصانہ دوستی اور مضبوط رشتے بھی ہیں۔ انہوں نے دوست: پاکستان ترکیہ فرینڈشپ فورم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی اہمیت ناقابلِ فراموش ہے۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے اور اس تناظر میں مسلم دنیا کی 3 طاقتور اقوام کے درمیان دفاعی معاہدہ تاریخ کا ایک غیر معمولی موڑ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان اس تعاون کو مؤثر اور فائدہ مند بنانے کے لیے علمی اور تعلیمی روابط میں اضافہ ضروری ہے۔ ان کے مطابق دفاعی تعاون کو تجارتی شعبے تک بھی وسعت دی جانی چاہیے تاکہ اس شراکت داری کے ثمرات دوسرے شعبوں تک پہنچ سکیں۔

نیشنل رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خورشید احمد ندیم نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلم اقوام کے لیے لیگ آف نیشنز کے قیام کا تصور پیش کیا تھا اور مکہ دفاعی اتحاد اس منزل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
انہوں نے کہا کہ ترک جمہوریہ میں ریاست اور عوامی عقیدے کے درمیان جو توازن قائم کیا گیا ہے، وہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے قابلِ تقلید ہے۔
سیمینار سے کراچی میں ترکیہ کے سابق قونصل جنرل ڈاکٹر جمال سانگو، دانش ور ڈاکٹر سعادت سعید، دوست: پاکستان ترکیہ فرینڈشپ فورم کے صدر ڈاکٹر فاروق عادل، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر زاہد مجید، ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر صدف نقوی اور ترکیہ میں پاکستان کے اعزازی کاروباری قونصلر احمد خان نے بھی خطاب کیا۔
