نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان سینیٹر اسحاق ڈار سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے انہیں تقرری پر مبارک باد دی اور اہم ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے مکہ دفاعی اتحاد کے کردار کو اہم قرار دیا۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پیش رفت کر رہے ہیں۔ تینوں ممالک نے اکتوبر میں ریاض میں ہونے والے اجلاس کے دوران مشترکہ دفاعی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے اور طے شدہ فوجی دستوں و دفاعی صلاحیتوں کی سعودی عرب میں تیز رفتار تعیناتی کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
پاکستان اور سعودی عرب معاہدے کی توثیق مکمل کر چکے ہیں، جبکہ ترکیہ میں اس کی منظوری کا عمل جاری ہے۔ پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون، سلامتی اور علاقائی استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔
