ہالی ووڈ کی مشہور فلم "جراسک پارک” میں ڈاکٹر ایلن گرانٹ کا یادگار کردار ادا کرنے والے معروف نیوزی لینڈ کے اداکار سیم نیل 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہلِ خانہ نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پیر کے روز آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں انتقال کر گئے۔ سیم نیل 2022 میں کینسر کی تشخیص کے بعد مختلف تجرباتی علاج سے گزرے تھے اور بعد ازاں ان کا کینسر ختم ہو گیا تھا۔
شمالی آئرلینڈ میں پیدا ہونے والے اور نیوزی لینڈ میں پرورش پانے والے سیم نیل نے اپنے پانچ دہائیوں پر محیط کیریئر میں 150 سے زائد فلموں اور ٹی وی منصوبوں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہیں 1979 کی فلم "My Brilliant Career” سے نمایاں پہچان ملی، تاہم عالمی شہرت 1993 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم "Jurassic Park” میں ماہرِ آثارِ قدیمہ ڈاکٹر ایلن گرانٹ کے کردار سے حاصل ہوئی، جسے انہوں نے بعد کی کئی فلموں میں بھی نبھایا۔
سیم نیل کے انتقال پر دنیا بھر سے مداحوں، فنکاروں اور سیاسی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی منفرد حسِ مزاح اور شاندار اداکاری کو سراہا، جبکہ بین الاقوامی فلمی حلقوں نے انہیں ایک ایسے اداکار کے طور پر یاد کیا جس نے بلاک بسٹر فلموں سے لے کر سنجیدہ سنیما تک ہر کردار میں اپنی منفرد صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
