Turkiya-Logo-top

نیٹو انقرہ سربراہی اجلاس: اربوں ڈالر کے دفاعی منصوبوں، ڈرون سرمایہ کاری اور نئی عسکری شراکت داریوں کا اعلان

انقرہ: نیٹو نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے دوران دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اربوں ڈالر مالیت کے نئے منصوبوں، جدید عسکری ٹیکنالوجی اور مشترکہ دفاعی اقدامات کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلانات نیٹو سمٹ ڈیفنس انڈسٹری فورم 2026 میں کیے گئے، جو دو روزہ نیٹو سربراہی اجلاس کے پہلے روز منعقد ہوا۔ 22 برس بعد نیٹو کا سربراہی اجلاس دوبارہ ترکیہ میں منعقد ہو رہا ہے جہاں عالمی سلامتی، دفاعی تعاون اور اتحادی ممالک کے مشترکہ دفاعی مستقبل پر اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال اتحادی ممالک نے 2035 تک اپنی مجموعی قومی پیداوار کا پانچ فیصد دفاع اور سلامتی پر خرچ کرنے کا جو ہدف مقرر کیا تھا اس پر عملی پیش رفت شروع ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں اربوں ڈالر کے نئے دفاعی منصوبے نہ صرف نیٹو کی عسکری صلاحیت میں اضافہ کریں گے بلکہ رکن ممالک میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اجلاس میں جدید دفاعی سازوسامان کی خریداری کے کئی بڑے منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔ ان میں ایئربس A400M فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کی اپ گریڈیشن، A330 MRTT فضائی ایندھن بردار طیاروں کے بیڑے میں توسیع اور جدید فضائی نقل و حمل کی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نیٹو نے انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے MQ-4C Triton بغیر پائلٹ نگرانی طیاروں کی مشترکہ خریداری کا بھی اعلان کیا۔

فضائی نگرانی کے شعبے میں بھی ایک اہم فیصلہ سامنے آیا، جس کے تحت تقریباً 4.5 ارب ڈالر کی لاگت سے پرانے AWACS طیاروں کی جگہ Saab GlobalEye کے دس جدید نگرانی طیارے خریدے جائیں گے تاکہ اتحاد کی ابتدائی وارننگ اور فضائی نگرانی کی صلاحیت مزید مؤثر بنائی جا سکے۔

ڈرون ٹیکنالوجی کو مستقبل کی جنگوں میں فیصلہ کن عنصر قرار دیتے ہوئے نیٹو نے آئندہ پانچ برسوں میں ڈرون خطرات سے نمٹنے کے لیے 40 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

ڈرون ایج انیشی ایٹو کے تحت جدید اینٹی ڈرون نظام تیار کیے جائیں گے جبکہ 2027 کے اختتام تک ڈرون آپریٹرز کی تربیت کی صلاحیت پانچ گنا بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں کریٹیکل منرلز انیشی ایٹو کا بھی آغاز کیا گیا، جس کے تحت دفاعی صنعت کے لیے ضروری معدنیات کی مشترکہ خریداری، ذخیرہ اندوزی اور سپلائی چین کو محفوظ بنایا جائے گا۔ اس منصوبے میں بیلجیئم، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، یونان، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے، اسپین، سویڈن اور ترکیہ شریک ہوں گے۔

دوسری جانب نیٹو انجن انیشی ایٹو کے تحت اتحاد کے 32 رکن ممالک میں دفاعی پیداوار بڑھانے کے لیے صنعتی مراکز اور مینوفیکچرنگ نیٹ ورک قائم کیے جائیں گے تاکہ مستقبل کی بڑھتی ہوئی دفاعی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔

نیٹو کی نائب سیکریٹری جنرل راڈمیلا شیکرنسکا نے اعلان کیا کہ ترکیہ فضائی دفاع، مواصلات اور خلائی شعبوں میں اتحاد کے نئے مشترکہ منصوبوں میں اہم کردار ادا کرے گا اور اپنی تیار کردہ دو مشاہداتی سیٹلائٹس بھی نیٹو کی اجتماعی خلائی صلاحیت کے لیے فراہم کرے گا

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

رواں سال نیٹو سربراہی اجلاس کا مرکزی پیغام "مضبوط یورپ، مضبوط نیٹو” رکھا گیا ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اتحاد مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی سرمایہ کاری، جدید عسکری ٹیکنالوجی اور مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔

Read Previous

کرسٹوفر نولان پہلی بار جنوبی کوریا جائیں گے، فلم "دی اوڈیسی” کی ریلیز سے قبل مداحوں سے ملاقات کریں گے

Read Next

مائیکروسافٹ میں 4,800 ملازمین کی چھانٹی، مصنوعی ذہانت پر بھاری سرمایہ کاری کے درمیان بڑی تنظیمِ نو کا آغاز

Leave a Reply