Turkiya-Logo-top

بیلجیم نے نیوزی لینڈ کو 1-5 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی

بیلجیم نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے گروپ جی کے اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو 1-5 سے شکست دے کر شاندار انداز میں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ کینیڈا کے بی سی پلیس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بیلجیم نے ابتدا ہی سے کھیل پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔

میچ کے آغاز سے ہی بیلجیم نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور عمدہ پاسنگ، تیز رفتار موومنٹ اور منظم حملوں کے ذریعے نیوزی لینڈ کے دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔
پہلے 30 منٹ کے دوران بیلجیم نے تقریباً 60 فیصد گیند اپنے پاس رکھی جبکہ اس عرصے میں سات شاٹس لیے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک بھی شاٹ گول کی جانب نہ لگا سکی۔

28ویں منٹ میں لیانڈرو ٹروسارڈ نے کیون ڈی بروئنے کے کارنر پر شاندار ہیڈر کے ذریعے گول اسکور کرکے بیلجیم کو 0-1 کی برتری دلا دی دوسرے ہاف میں بیلجیم نے مزید تین گول داغ دیے دوسرے ہاف کے آغاز کے چند منٹ بعد ہی ٹروسارڈ نے 50ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کر کے اسکور 0-2 کر دیا۔

66ویں منٹ میں تجربہ کار مڈفیلڈر کیون ڈی بروئنے نے خوبصورت فنش کے ذریعے بیلجیم کی برتری 0-3 تک بڑھا دی۔
نیوزی لینڈ نے 84ویں منٹ میں ایلیجا جسٹ کے شاندار ہاف والی گول کے ذریعے ایک گول واپس کیا، جو ٹورنامنٹ میں ان کا تیسرا گول بھی تھا۔

تاہم بیلجیم نے فوری ردعمل دیتے ہوئے صرف ایک منٹ بعد متبادل کھلاڑی رومیلو لوکاکو کے طاقتور ہیڈر کی بدولت چوتھا گول اسکور کر دیا۔

اضافی وقت (90+4) میں الیکسس سیلیمیکرز نے لوکاکو کی عمدہ موو سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پانچواں گول داغ دیا اور بیلجیم کی 1-5 کی بڑی فتح مکمل کر دی۔

اس کامیابی کے ساتھ بیلجیم نے گروپ جی میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ آخری پوزیشن پر رہ کر ایونٹ سے باہر ہو گیا۔
اب راؤنڈ آف 32 میں بیلجیم کا مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا جہاں دونوں ٹیمیں کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے میدان میں اتریں گی۔

Read Previous

تاجکستان: ٹیکا کے صدر عبداللہ ایرن کا رودکی سماعت سے محروم بچوں کے اسکول کا دورہ

Read Next

ترکیہ کی قومی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ 2026 سے واپسی کے بعد وطن پہنچ گئی

Leave a Reply