بھارت نے مئی 2025 میں پاکستان کے خلاف کیے گئے فوجی آپریشن آپریشن سندور کے دوران ہلاک ہونے والے چھ فوجی اہلکاروں کے نام پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر جاری کر دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان اہلکاروں کے نام نئی دہلی میں قائم نیشنل وار میموریل کے سال 2025 کے رول آف آنر میں شامل کر دیے گئے ہیں جبکہ انہیں یادگار کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی شائع کر دیا گیا ہے۔
بھارتی حکومت کے مطابق آپریشن سندور کے دوران جان گنوانے والوں میں ہیڈکوارٹر 10 انفنٹری بریگیڈ کے صوبیدار میجر پون کمار، 4 جموں و کشمیر لائٹ انفنٹری کے رائفل مین سنیل کمار، 5 فیلڈ رجمنٹ کے لانس نائیک دنیش کمار، 851 لائٹ رجمنٹ کے ایوی ایشن ٹیکنیشن موڈ مورالینائک، 237 فیلڈ ورکشاپ کمپنی کے حوالدار سنیل کمار سنگھ اور 39 ونگ کے سارجنٹ سریندر کمار شامل ہیں۔
بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق، یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت نے آپریشن سندور میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے نام باضابطہ طور پر منظر عام پر لائے ہیں۔ اس سے قبل اس آپریشن میں ہونے والے جانی نقصان کے حوالے سے سرکاری سطح پر تفصیلات محدود تھیں۔
واضح رہے کہ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران دونوں ممالک کے مابین فوجی کارروائیاں ہوئیں میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے اس دوران بھارتی فضائیہ کے آٹھ جنگی طیارے مار گرائے تھے۔ اس ذکر بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی متعدد مواقع پر کیا جبکہ بھارتی فوج کے بعض اعلیٰ حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے بیانات سامنے آئے
