Turkiya-Logo-top

بھارتی فضائیہ کا ایک اور AN-32 طیارہ گر کر تباہ، 5 اہلکار ہلاک

بھارتی ریاست آسام کے شہر جورہاٹ میں بھارتی فضائیہ کا AN-32 ٹرانسپورٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ معاون پائلٹ محفوظ رہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ ایئر بیس پر اترتے وقت حادثے سے دوچار ہوا۔ یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بھارتی فضائیہ پہلے ہی فضائی حادثات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث تنقید کی زد میں ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران بھارتی فضائیہ کے جنگی، تربیتی اور ٹرانسپورٹ طیارے متعدد حادثات کا شکار ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔ زیادہ تر واقعات تربیتی پروازوں، ٹیک آف یا لینڈنگ کے دوران پیش آئے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق ان حادثات کی ممکنہ وجوہات میں پرانے طیاروں کا طویل عرصے تک استعمال، اسپیئر پارٹس کی کمی، بروقت اپ گریڈیشن میں تاخیر، تکنیکی خرابیاں اور بعض اوقات انسانی غلطیاں شامل ہیں۔ AN-32 طیارہ بھی بھارتی فضائیہ میں چار دہائیوں سے زیر استعمال ہے۔ یہ سوویت دور کا ٹرانسپورٹ طیارہ ہے جو فوجیوں اور سامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوتا ہے، تاہم ماضی میں بھی اس طیارے کو متعدد حادثات اور تکنیکی مسائل کا سامنا رہا ہے۔

جورہاٹ کا تازہ حادثہ ایک بار پھر اس بحث کو تقویت دے رہا ہے کہ بڑی فضائی افواج میں شمار ہونے کے باوجود بھارتی فضائیہ اپنے پرانے اور خستہ حال فضائی ڈھانچے کو جدید بنانے اور فضائی حفاظت کے معیار کو بہتر بنانے میں کس حد تک کامیاب ہو سکی ہے۔ حادثے کی حتمی وجہ تحقیقات پر سامنے آئے گی، تاہم یہ سانحہ بھارت میں بار بار پیش آنے والے فوجی فضائی حادثات کے سلسلے کی ایک اور کڑی بن گیا ہے

Read Previous

علاقائی صورتحال کے پیش نطر پاکستان نے دفاعی بجٹ بڑھا دیا 

Leave a Reply