Turkiya-Logo-top

ٹکا اور ایچ بی آر آئی-نارک کے اشتراک سے عالمی یومِ شہد کی مکھی کی تقریب، زرعی تعاون کے فروغ پر زور

اسلام آباد میں عالمی یومِ شہد کی مکھی کے موقع پر ٹکا اسلام آباد اور ہنی بی ریسرچ انسٹیٹیوٹ، نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (ایچ بی آر آئی-نارک) کے اشتراک سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہد کی مکھیوں کی افزائش اور زرعی ترقی کے شعبے میں جاری تعاون کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں ماہرینِ زراعت، محققین، بی کیپرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء کو پاکستان میں شہد کی مکھیوں کی افزائش کے شعبے میں جاری منصوبوں اور اس کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

تقریب میں ٹکا اسلام آباد کی سربراہ محترمہ صالحہ تُونا نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ پاکستان میں مکھی بانی کے شعبے کی ترقی کے لیے مقامی اداروں کے ساتھ اشتراک نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ٹکا اسلام آباد، ایچ بی آر آئی-نارک کے ساتھ مل کر نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بلکہ بی کیپرز کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تعاون کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور دیہی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ شہد کی مکھیاں ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، زرعی پیداوار میں اضافے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کے مطابق پولینیشن کے بغیر زرعی نظام کی پائیداری ممکن نہیں، اسی لیے شہد کی مکھیوں کی اہمیت عالمی سطح پر تسلیم کی جا چکی ہے۔

ٹکا اور ایچ بی آر آئی-نارک 2017 سے مشترکہ طور پر پاکستان میں شہد کی مکھیوں کی افزائش کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جس کے تحت ٹیکنالوجی کی منتقلی، تربیتی پروگرامز اور تحقیقی سرگرمیوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔

شرکاء کو جدید مکھی بانی کے طریقۂ کار، شہد کی پیداوار میں بہتری، بیماریوں سے تحفظ اور موسمی تبدیلیوں کے اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جاری اقدامات سے نہ صرف شہد کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے بلکہ دیہی معیشت کو بھی فروغ ملا ہے۔

بی کیپرز نے ترکیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اشتراک کے باعث انہیں جدید تربیت اور تکنیکی معاونت حاصل ہوئی ہے جس سے اس شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور اس اشتراک کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Read Previous

استنبول میں 8ویں ایتھنو اسپورٹ کلچر فیسٹیول کا شاندار آغاز

Read Next

ترک سفارتخانے میں “دی ہیریٹیج ٹیبل” کے عنوان سے ترکش کیوزین ویک 2026 کی پروقار تقریب

Leave a Reply