راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان علاقائی امن اور سیکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جبکہ ایرانی قومی اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔
ان ملاقاتوں میں خطے میں پائیدار امن کے قیام پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ بدلتی ہوئی علاقائی سیکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی کوششوں اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے تنازعات کے حل کے لیے بات چیت، کشیدگی میں کمی اور سفارتی ذرائع کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔
فوجی سربراہ نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی ایرانی قیادت تک پہنچایا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سنجیدہ سفارتی کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
