برطانیہ کی سیاست میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب ایک سینئر رکن پارلیمنٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو “کرپٹ گینگسٹر” قرار دے دیا۔ یہ بیان عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کر رہا ہے
برطانوی رکن پارلیمنٹ ایڈورڈ ڈیوی نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کسی امریکی صدر سے ایسے الفاظ سننے کو ملیں گے جو پوری تہذیب کی تباہی کی بات کریں انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ وہ غیر ذمہ دار، غیر اخلاقی اور بین الاقوامی قوانین سے باہر ہیں۔ ان کے مطابق ٹرمپ نہ تو برطانیہ کے دوست ہیں اور نہ ہی آزاد دنیا کے رہنما
ایڈورڈ ڈیوی نے آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس سے عالمی معیشت متاثر ہو سکتی ہے اور جنگ بندی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لیے یورپ اور خلیجی اتحادیوں کے ساتھ مل کر اقدامات کرنا ضروری ہیں انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا براہ راست اثر عوام پر پڑ رہا ہے، جہاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق عوام اور کاروبار مزید انتظار کے متحمل نہیں ہو سکتے
ایڈورڈ ڈیوی نے برطانوی وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ شاہ چارلس کے ممکنہ امریکی دورے پر نظرثانی کی جائے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے
انہوں نے تجویز دی کہ حکومت اضافی ٹیکس آمدن کو استعمال کرتے ہوئے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ عوام کو فوری ریلیف دیا جا سکے یہ بیان برطانیہ اور امریکہ کے تعلقات میں نئی بحث کو جنم دے رہا ہے اور عالمی سیاست میں مزید کشیدگی کا اشارہ بھی دے رہا ہے
