سیکیورٹی صورتحال اور جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں چیف آف ڈیفنس اینڈ آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں خطے میں جاری سیکیورٹی صورتحال، کشیدگی میں کمی کے بعد اب تک کی پیش رفت، اور پاکستان کی جانب سے مختلف فریقین کے درمیان جاری ثالثی کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال میں حاصل ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس نازک عمل میں تمام فریقین کا ذمہ دارانہ رویہ ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا نہ صرف خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے بلکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی بگاڑ کو روکنے کے لیے بھی اہم ہے۔ قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ فریقین کو ایک ایسے مذاکراتی فریم ورک تک لایا جائے جو دیرپا، متوازن اور قابلِ عمل ہو۔
اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان نہ صرف ثالث کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن سفارتی اور عملی تعاون بھی فراہم کرے گا۔
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے امن قائم کرنے کے عمل میں شامل تمام فریقین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اطمینان ظاہر کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مستقل امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اسلام آباد آنے والے وفود کے لیے مکمل سیکیورٹی، سہولیات اور اعلیٰ سطحی میزبانی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس پورے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے سیکیورٹی تعاون، سفارتکاری، اور مسلسل رابطہ ناگزیر ہیں، جبکہ پاکستان عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔
