ترکیہ کی تعاون و ترقیاتی ایجنسی ٹکا کے تعاون سے جاری جاوید منزل میوزیم کی تزئین و بحالی کے منصوبے میں پہلے مرحلے کی کامیابی کے ساتھ اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں ماہرین نے عمارت کے تفصیلی معائنے، آرکیٹیکچرل سروے، پیمائشوں اور فنکشنل تجزیوں کے ذریعے موجودہ ڈھانچے کو بہتر طور پر سمجھنے کی کوشش کی۔ ان تکنیکی مطالعات کی روشنی میں ایک جامع بحالی حکمتِ عملی اور ابتدائی ڈیزائن تیار کیا گیا، جس نے آئندہ مراحل کے لیے واضح سمت فراہم کی۔
ٹکا پاکستان کی سربراہ محترمہ صالحہ تُونا اور ترکیہ سے تعلق رکھنے والی تکنیکی ٹیم نے مجوزہ ڈیزائنز کا جائزہ لے کر مقامی ماہرین کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا اور منصوبے کی اگلی حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت کی۔ اس موقع پر دونوں فریقین کے درمیان صلاح و مشورے اور تکنیکی آرا کے تبادلے کو خصوصی اہمیت دی گئی، جس سے منصوبے کی بہتری اور مؤثریت میں اضافہ متوقع ہے۔


جاوید منزل میوزیم کی بحالی نہ صرف ایک تاریخی عمارت کے تحفظ کی کوشش ہے بلکہ اسے ایک جدید ثقافتی و تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے کی سمت ایک اہم قدم بھی ہے، تاکہ یہ مشترکہ ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

