انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ خطے کے متعدد حصے اس وقت جنگوں، بحرانوں اور شدید انسانی المیوں کا شکار ہیں، جہاں معصوم بچے، کمزور افراد اور ہزاروں بے گناہ لوگ مسلسل بمباری اور حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات دارالحکومت انقرہ میں قرآنِ کریم کے حسنِ قرأت کے مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ہم سب پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اس آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جائے اور انسانی جانوں کے ضیاع کو کم کیا جائے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ عالمِ اسلام ایک کٹھن دور سے گزر رہا ہے، اس لیے مسلمانوں کو باہمی اختلافات، تقسیم اور تنازعات سے بالاتر ہو کر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس نازک وقت میں پرانے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر مشترکہ مسائل کے حل پر توجہ دی جائے۔

انہوں نے رمضان المبارک اور شبِ قدر کے موقع پر دنیا بھر، خصوصاً غزہ میں مشکل حالات کا سامنا کرنے والے مظلوموں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترکیہ فلسطین، لبنان، سوڈان، صومالیہ، یمن اور اراکان کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
صدر ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ اگر خطے میں خونریزی کو روکنا اور ایک پُرامن مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے تو امتِ مسلمہ کو اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔


