Türkiye Diyanet Foundation (ٹی ڈی وی) نے اپنے فلاحی منصوبے ’’انُتُرسان یتیم قالر‘‘ (اگر آپ بھول جائیں تو وہ یتیم رہ جاتے ہیں) کے تحت ترکیہ اور بیرونِ ملک ہزاروں یتیم بچوں کی جامع سرپرستی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ فاؤنڈیشن کے جاری بیان کے مطابق اس وقت مجموعی طور پر تقریباً 10 ہزار یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے، جن میں 8 ہزار 4 بچے ترکیہ میں جبکہ ایک ہزار 974 بچے 19 مختلف ممالک میں شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت بچوں کو تعلیم، صحت، رہائش اور مختلف سماجی امداد کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ ان کی مجموعی فلاح و بہبود اور نشوونما کو یقینی بنایا جا سکے۔ امداد سال بھر نقد اور اشیائی دونوں صورتوں میں دی جاتی ہے۔
رمضان المبارک اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر یتیم بچوں کو خوراک کی خریداری کے لیے شاپنگ کارڈز فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ عید کے لیے نئے کپڑوں کی فراہمی کی غرض سے خصوصی کارڈز بھی دیے جاتے ہیں۔ تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ کو اسٹیشنری اور درسی سامان فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ سال کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کی حوصلہ افزائی کے لیے رپورٹ کارڈ تحائف دیے جاتے ہیں۔ سردیوں کے موسم میں گرم ملبوسات کی فراہمی بھی پروگرام کا حصہ ہے۔
فاؤنڈیشن مادی امداد کے ساتھ ساتھ بچوں کی سماجی اور اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دیتی ہے۔ اس مقصد کے لیے فاؤنڈیشن کی خواتین شاخیں اور مذہبی رہنما باقاعدگی سے ملاقاتوں اور سرگرمیوں کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ بچوں کو اخلاقی و روحانی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
ٹی ڈی وی کے زیر انتظام تین یتیم خانے بھی فعال ہیں، جن میں ایک تنزانیہ اور دو افغانستان میں واقع ہیں، جہاں اس وقت 177 یتیم بچوں کی رہائش اور نگہداشت کی جا رہی ہے۔ مزید برآں ’’یتیم تعلیمی پروگرام‘‘ کے تحت صومالیہ، افغانستان اور پاکستان کے چھ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 360 یتیم طلبہ کی تعلیمی معاونت کی جا رہی ہے، جس کا مقصد مشکلات کا شکار بچوں کو طویل مدتی تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔
