ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (TİKA) نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے قدیم شہر میں واقع عثمانی دور کے ایک تاریخی تھیٹر کی بحالی مکمل کر کے اسے ’’لیبین نیشنل چلڈرن تھیٹر‘‘ کے طور پر دوبارہ کھول دیا ہے۔
یہ بحالی منصوبہ لیبیا کی وزارتِ ثقافت کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔ کئی برسوں سے غیر فعال رہنے والے اس تاریخی تھیٹر کو اس کی اصل تاریخی حیثیت برقرار رکھتے ہوئے جدید طرز پر مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ فعال بنایا گیا ہے۔
لیبیا کی وزیرِ ثقافت مبروکہ توگی نے کہا کہ یہ تھیٹر طویل عرصے سے بند تھا جسے ٹیکا نے بحال کر کے بچوں کے قومی تھیٹر میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ لیبیا کی وزارتِ ثقافت اور ترکیہ کی وزارتِ ثقافت و سیاحت کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت مکمل کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ ثقافت مستقبل میں اس تھیٹر کو بچوں کے لیے تھیٹر ڈراموں اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے استعمال کرے گی تاکہ یہ مقام نوجوان نسل کے لیے ایک اہم ثقافتی مرکز بن سکے۔
طرابلس میں ترکیہ کے سفیر گووین بیگیچ نے کہا کہ ترکیہ اور لیبیا کے تعلقات تاریخی اور اسٹریٹجک نوعیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو ٹیکا کے اہم ترین ثقافتی اقدامات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی عمارت آئندہ نسلوں کے لیے ثقافتی ورثہ ثابت ہوگی۔
ٹیکا طرابلس کے کوآرڈینیٹر علی سوہا بچاناک گل نے کہا کہ ترکیہ اور لیبیا کے تاریخی تعلقات تقریباً پانچ سو برس پر محیط ہیں اور یہ تھیٹر عثمانی دور کے ثقافتی ورثے کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عمارت بیسویں صدی کے آغاز میں سلطان عبد الحمید کے دور میں تعمیر کی گئی تھی مگر وقت کے ساتھ ناقابلِ استعمال ہو گئی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بحالی کا کام چھ ماہ میں مکمل کیا گیا، تھیٹر میں 110 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور اس کے اندرونی حصے کو روایتی عثمانی طرزِ تعمیر کے مطابق سجایا گیا ہے، جبکہ اسٹیج کو جدید قابلِ حرکت نظام سے بھی لیس کیا گیا ہے۔
