turky-urdu-logo

اوبر اور گیتر کا اتحاد: ترکیہ میں ڈیلیوری مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری

اوبر نے ترکیہ میں اپنی موجودگی مزید مضبوط بنانے کے لیے ترک ڈیلیوری کمپنی گیتر (Getir) کے ڈیلیوری کاروبار کے حصول کا معاہدہ کر لیا ہے۔ عالمی لاجسٹکس کمپنی اوبر نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی سے گیتر کا فوڈ، گروسری، ریٹیل اور پانی کی ڈیلیوری پر مشتمل پورٹ فولیو حاصل کرے گی۔

یہ معاہدہ گزشتہ سال اوبر کی جانب سے ترکیہ کی معروف ڈیلیوری سروس کمپنی ٹرینڈیول گو (Trendyol Go) میں اکثریتی حصص خریدنے کے بعد ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ معاہدے کی مالی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں جبکہ اس کی تکمیل متعلقہ ریگولیٹری منظوریوں اور دیگر شرائط سے مشروط ہے۔

اوبر کے مطابق اس معاہدے کے بعد گیتر اور ٹرینڈیول گو کی خدمات کو یکجا کر کے صارفین کو زیادہ انتخاب فراہم کیا جائے گا، ڈیلیوری کورئیرز کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ترکیہ بھر میں ریسٹورنٹس اور ریٹیلرز کے لیے طلب میں اضافہ ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گیتر کے صارفین بدستور گیتر سپر ایپ کے ذریعے خدمات حاصل کر سکیں گے، تاہم انہیں ٹرینڈیول گو کے مزید ریسٹورنٹس تک رسائی حاصل ہوگی۔ اسی طرح ٹرینڈیول گو کے صارفین اپنی ایپ کے ذریعے گیتر کی گروسری خدمات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اوبر نے گزشتہ سال ترکیہ میں سافٹ ویئر اور ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، جس کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں تقریباً 200 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اوبر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دارا خسروشاہی نے کہا کہ ترکیہ کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت اور متحرک صارف مارکیٹ کمپنی کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ ان کے مطابق دونوں پلیٹ فارمز کے انضمام سے صارفین، کورئیرز اور کاروباری اداروں کو مزید فوائد حاصل ہوں گے۔

مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی کے نائب گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ولید المقراب المہیری نے کہا کہ مبادلہ نے گیتر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ معاہدہ کمپنی کی مضبوط کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ مبادلہ کے لیے ایک اہم سرمایہ کاری مارکیٹ ہے اور کمپنی مستقبل میں بھی وہاں طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیتی رہے گی۔

گیتر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر باتوہان گل تاکان نے معاہدے کو کمپنی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گیتر کے مضبوط کاروباری ماڈل اور برانڈ کی کامیابی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوبر کے عالمی نیٹ ورک کے ساتھ شمولیت سے صارفین، کورئیرز اور کاروباری شراکت داروں کے لیے خدمات مزید بہتر بنائی جائیں گی۔

گیتر کا آغاز 2015 میں استنبول سے ہوا تھا اور کمپنی نے چند منٹوں میں گروسری کی فراہمی کے تصور کو متعارف کرایا۔ کورونا وبا کے دوران کمپنی نے تیزی سے ترقی کی اور یورپ اور امریکہ سمیت کئی عالمی مارکیٹوں میں توسیع کی۔ 2022 میں سرمایہ کاری کے ایک مرحلے کے بعد کمپنی کی مالیت تقریباً 12 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جس میں مبادلہ بھی سرمایہ کاروں میں شامل تھا۔ گزشتہ سال مبادلہ نے گیتر کے اثاثوں کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

Read Previous

مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائی پر ترکیہ اور اہم اسلامی ممالک کی شدید مذمت

Read Next

یونان کے وزیراعظم کی آنکارا آمد، ترکیہ کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات پر توجہ

Leave a Reply