روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کے جنوبی محاذ زاپورژیا میں نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جہاں حالیہ دنوں میں لڑائی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق زمینی فورسز نے کئی اہم مقامات پر کنٹرول مضبوط کیا ہے، تاہم آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی فوری تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب یوکرین نے کہا ہے کہ اس نے روس کے سامارا ریجن میں واقع ایک آئل ریفائنری کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا۔ یوکرینی حکام کے مطابق یہ کارروائی روس کی ایندھن کی سپلائی لائن کو متاثر کرنے اور اس کی فوجی صلاحیت کو محدود کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
محاذِ جنگ پر دونوں ممالک کے دعووں میں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ لڑائی ایک بار پھر شدت اختیار کر رہی ہے، جبکہ ماہرین اسے موسمِ سرما کی آمد سے قبل حکمتِ عملی کے اہم مراحل قرار دے رہے ہیں۔
