پاکستان کے لیے بڑا اعزاز! پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کی دو ہونہار طالبات نے کیمبرج آؤٹ اسٹینڈنگ لرنر ایوارڈز 2025
میں عالمی پوڈیم پر جگہ بنا کر ملک کا نام روشن کر دیا۔
آصفہ عرفان گرلز کیمپس کی طالبات لائبہ علی اور مومنہ سلمان نے اپنے اپنے مضامین میں ورلڈ ٹاپ پوزیشنز حاصل کیں۔ لائبہ علی نے IGCSE میں ریاضی جبکہ مومنہ سلمان نے IGCSE میں کامرس میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
لائبہ علی نے اپنی کامیابی کا سہرا اساتذہ کی بھرپور رہنمائی اور اسکول کے تخلیقی و معاون تعلیمی ماحول کو دیا، جس نے انہیں ہر مرحلے پر آگے بڑھنے کا اعتماد فراہم کیا۔ مومنہ سلمان نے بھی اپنے والدین اور اساتذہ کی مسلسل حوصلہ افزائی اور اسکول کے مضبوط تعلیمی نظام کو اپنی کامیابی کا بنیادی سبب قرار دیا۔
آصفہ عرفان گرلز کیمپس کی پرنسپل نے دونوں طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں ’’تمام معارف لرنرز کے لیے فخر اور تحریک کا ذریعہ‘‘ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نتائج طلبا کی محنت، اساتذہ کے عزم اور ادارے کے وژن کا ثبوت ہیں، جو عالمی معیار کے باکردار اور باصلاحیت نوجوان تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ تعلیمِ عالیہ کے ساتھ کردار سازی کو بھی اپنی پہلی ترجیح رکھتا ہے، تاکہ طلبا مستقبل میں معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کر سکیں۔
— پاکستانی طالبات کی عالمی فتح، ورلڈ ٹاپ کیمبرج ایوارڈز 2025



