پاکستان میں موجود آذربائیجان کے سفارتخانے کی جانب سے کاراباخ کی تاریخی فتح کی یاد میں وکٹری ڈے کی شاندار تقریب اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ترکیہ، قازقستان، ازبکستان، ترکمانستان سمیت متعدد ممالک کے سفیروں، اعلیٰ حکومتی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی جانب سے کاراباخ کی شاندار فتح کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے تعلقات، ثقافتی ہم آہنگی اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ
“پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کے دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ دوستی، بھائی چارے اور یکجہتی کا ثبوت دیا ہے۔ بھارتی جارحیت کے دوران آذربائیجان اور ترکیہ کی حمایت پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔”
سفیر خضر فرہادوف نے اس موقع پر پاکستان کی طرف سے آذربائیجان کے مؤقف کی مستقل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دوستی سے بڑھ کر بھائی چارے کی مثال ہیں۔
