اسلام آباد: جاپان کے سفیر ہز ایکسلینسی اَکاماتسو شوئچی (Akamatsu Shuichi) نے جمعرات، 30 اکتوبر کو جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز (Japan Self-Defense Forces – JSDF) کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف تھے، جب کہ جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کی نمائندگی کرنل ابے کازوو (Colonel Abe Kazuo)، ڈیفنس اٹیچی، سفارت خانہ جاپان نے کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نہ صرف معاشی و ترقیاتی میدان میں بلکہ سلامتی، تعلیم، صحت اور انسانی وسائل کے شعبوں میں بھی قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔سفیرِ جاپان نے مزید کہا کہ عالمی امن کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے ادا کر رہی ہیں۔
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے جاپان کی حکومت اور عوام کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان اور جاپان کے درمیان مضبوط دوستی اور دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں، دفاعی نمائندوں، حکومتی عہدیداران اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی یادگار کے طور پر تصاویر بنائی گئیں اور مہمانوں کی جاپانی ثقافتی روایات سے شاندار تواضع کی گئی۔

