اسلام آباد:
غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں “I Prefer Turkish Project” کے تحت ترکی زبان سیکھنے والے طلبہ میں اسکول بیگز اور اسٹیشنری سیٹس تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ترکیہ کے سفیر عزت مآب ڈاکٹر عرفان نذیروغلو تھے جنہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور ترکی زبان سیکھنے کے رجحان کو سراہا۔

اس موقع پر سفیرِ ترکیہ نے کہا کہ:
“زبان نہ صرف رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ دو قوموں کے درمیان دوستی، ثقافت اور بھائی چارے کا مضبوط پل بھی ہے۔ پاکستان میں ترکی زبان سیکھنے والے نوجوان دراصل ہمارے باہمی تعلقات کے سفیر ہیں۔”


تقریب میں غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اساتذہ، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ طلبہ نے ترکی زبان میں تقاریر اور نغمے پیش کر کے حاضرین سے داد سمیٹی۔
“I Prefer Turkish Project” ترکیہ کی ثقافتی سفارتکاری کے تحت ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان میں ترکی زبان و ثقافت کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مزید گہرا کرنا ہے۔
