
کابل — افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ ہونے والی تین ملکی ٹی 20 سیریز سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز نومبر میں شیڈول تھی، جس میں پاکستان، افغانستان اور ایک تیسرے ملک کی ٹیموں نے حصہ لینا تھا۔
افغان کرکٹ بورڈ (ACB) کے مطابق سیریز منسوخ کرنے کا فیصلہ "موجودہ حالات اور مصروف انٹرنیشنل شیڈول” کے باعث کیا گیا ہے، تاہم ماہرین اسے اسلام آباد اور کابل کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی سے جوڑ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغان بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کو اپنے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے اور آئندہ کسی نئی تاریخ کے تعین کے حوالے سے بھی فی الحال کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
افغان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا:
"ہم نے متعدد وجوہات کے پیش نظر نومبر کی سیریز سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم مستقبل میں مناسب وقت پر دوبارہ تعاون کی توقع رکھتے ہیں۔”
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان ہمیشہ کھیل کے ذریعے تعلقات بہتر بنانے کا خواہاں رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات ماضی میں بھی اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں، تاہم حالیہ اقدام دوطرفہ تعلقات میں مزید تناؤ کا باعث بن سکتا ہے۔