
انقرہ — ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ خطے میں امن قائم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ضائع ہونے والی ہر جان ہمارے دلوں کو چیر کر رکھ دیتی ہے۔ اگر باقی سب لاتعلق بھی رہیں تو ہم اپنے خطے میں مصائب پر بے حس نہیں رہ سکتے۔”
صدر ایردوان نے زور دیا کہ ترکیہ خطے میں دیرپا امن و سکون کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انقرہ شام پر عائد تمام پابندیوں کے جلد از جلد خاتمے کی توقع رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کرنے والے ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے۔ ایردوان کے مطابق خطے میں قیامِ امن کے لیے تعاون اور مکالمہ ناگزیر ہے، اور ترکیہ اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ایردوان کا یہ بیان نہ صرف شام بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں ترکیہ کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔