
قاہرہ : ترکیہ اور مصر کے درمیان ایک بڑا دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت مصری دارالحکومت قاہرہ میں ڈرونز کی مشترکہ پیداوار کے لیے فیکٹری قائم کی جائے گی۔دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کے تحت فیکٹری میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ڈرونز تیار کیے جائیں گے، جو دفاعی اور سکیورٹی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کے لیے بھی استعمال ہوں گے۔ترک اور مصری حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف دفاعی شعبے میں دو طرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا بلکہ خطے میں توازنِ قوت کو بھی مضبوط کرے گا۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ترکیہ اور مصر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی نئی علامت ہے اور مستقبل قریب میں دونوں ممالک مزید مشترکہ منصوبے بھی شروع کر سکتے ہیں۔