اسلام آباد: یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل طوقار نے اسلام آباد میں ترک ریڈ کریسنٹ کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفد میں پاکستان میں اپنی مدت مکمل کرنے والے نمائندے ارکان اووجی (Erkan Avcı)، ان کے جانشین بیضا تانر (Beyza Taner) اور ایشیاء پیسفک ریجنل ڈائریکٹر چاہیت سامی گن (Cahit Sami Gün) شامل تھے۔ملاقات میں تعلیم، ثقافت اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مستقبل کے تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ڈاکٹر خلیل طوقار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات عوامی سطح پر مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ادارے مل کر کام کرتے رہیں گے۔وفد نے یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات آنے والے دنوں میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔
