
انقرہ: ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی دائمی دوستی اور محبت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی قومی طاقت، پیشہ ورانہ مہارت اور اجتماعی عزم کی عکاس ہے، جس نے دو قومی نظریہ کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ڈاکٹر یوسف جنید نے زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
تقریب میں ترک حکام، سفارتکاروں، کمیونٹی رہنماؤں اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ موقع پر پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی اور اس کے تاریخی پس منظر پر بھی روشنی ڈالی گئی، جبکہ حاضرین نے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔