
انقرہ، 14 اگست 2025 — (رپورٹ: شبانہ ایاز) انقرہ میں پاکستان کے سفارتخانے میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی نہایت وقار کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتخانے کے افسران اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ پاکستان کے سفیر برائے ترکیہ ڈاکٹر یوسف جُنید نے قومی ترانے کی گونج میں پرچم کشائی کی۔تقریب میں صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم پاکستان کے پیغامات سنائے گئے جن میں معرکہ حق میں حالیہ کامیابی کو نائنصافی پر مبنی بھارتی جارحیت کے مقابلے میں قومی اتحاد، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر قرار دیا گیا۔ قیادت نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے نظریات سے رہنمائی لیتے ہوئے ایک ترقی یافتہ اور جامع پاکستان کے قیام کے عزم کو دہرایا۔ڈاکٹر یوسف جُنید نے اپنے خطاب میں بانیانِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قومی یکجہتی، صبر و استقامت کو ایک روشن مستقبل کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سفیرِ پاکستان نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی قومی طاقت، پیشہ ورانہ مہارت اور اجتماعی عزم کی عکاس ہے، جس نے دو قومی نظریہ کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے ترکیہ کی قیادت اور عوام کا یومِ آزادی پر مبارک باد اور پاکستان کے ساتھ دائمی دوستی پر شکریہ ادا کیا۔یومِ آزادی کے موقع پر انقرہ کی مشہور نشانی آتاکولے، جو جناح ایونیو پر واقع ہے، شام بھر پاکستان–ترکیہ یکجہتی کے پیغامات سے روشن رہے گی، جبکہ استنبول کے بوسفرس پل پاکستان کے قومی رنگوں میں جگمگائیں گے، جو دونوں برادر ممالک کے اٹوٹ رشتے کی علامت ہے۔

