غزہ سٹی میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں الجزیرہ کے پانچ صحافی شہید ہوگئے۔ شہداء میں معروف رپورٹر انس الشریف، رپورٹر محمد قریقع، کیمرہ مین ابراہیم ظاہر، کیمرہ مین محمد نوفل اور اسسٹنٹ معمن علیوہ شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق یہ صحافی غزہ کے الشفاء اسپتال کے قریب ایک خیمے میں موجود تھے، جو میڈیا کوریج کے لیے استعمال ہو رہا تھا، جب اسرائیلی طیاروں نے اسے نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ انس الشریف حماس کے عسکری دھڑے سے وابستہ تھے اور راکٹ حملوں میں ملوث تھے، تاہم الجزیرہ اور بین الاقوامی صحافتی تنظیموں نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی سویلین ہوتے ہیں اور انہیں نشانہ بنانا جنگی جرم ہے۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (CPJ) اور دیگر عالمی اداروں نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کو اس کارروائی پر جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔
