اسلام آباد — بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ملکی معیشت کے لیے شاندار تعاون کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترسیلات زر کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ اوورسیز پاکستانیوں نے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر اپنے وطن بھیجے، جو نہ صرف موجودہ مالی سال میں سب سے زیادہ رقم ہے بلکہ حالیہ برسوں میں بھی ایک نمایاں اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ رقوم سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جن کی مالیت 82 کروڑ 37 لاکھ ڈالر رہی۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 66 کروڑ 52 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 45 کروڑ 4 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 26 کروڑ 96 لاکھ ڈالر وطن بھجوائے گئے۔ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اس نمایاں اضافے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط سہارا ملے گا، روپے کے مقابلے میں ڈالر کے دباؤ میں کمی آئے گی اور مالی استحکام میں مدد ملے گی۔حکومتی نمائندوں نے اس ریکارڈ پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت کی کمائی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نہایت قیمتی ہے۔
