پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعاون کے ایک اور مظہر کے طور پر دبئی میں "پاکستان مارٹ” کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) اور دبئی پورٹس (ڈی پی) کے اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک مؤثر طریقے سے پہنچانا ہے۔پاکستان مارٹ نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ اسے پاکستانی برآمدات کے لیے ایک مستقل گیٹ وے کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے دنیا بھر میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں ملکی برآمدات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ماہرین کے مطابق پاکستان مارٹ تجارتی، لاجسٹک، اور سرمایہ کاری کے میدان میں پاکستان کے امکانات کو وسعت دینے کا ایک قابل قدر قدم ہے، جو طویل المدتی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
