لاہور —پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کے اعلیٰ سطحی وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کا دورہ کیا اور صدر ابوذر شاد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تعلیم، فنی تربیت، انسانی وسائل کی ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے پاک ترک معارف فاؤنڈیشن کے تحت جاری تعلیمی سرگرمیوں اور پاکستان میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ صدر ایل سی سی آئی ابوذر شاد نے معارف فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ترک اداروں کا کردار قابل تعریف ہے اور نجی شعبہ اس میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ملاقات میں دونوں فریقین نے تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، طلبہ کی انٹرن شپ، اور عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
