
اسلام آباد —جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عزت مآب ڈاکٹر عرفان نزیروغلو نے اسلام آباد میں پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز کا خصوصی دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ لاہور یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے نمائندے بھی موجود تھے۔دورے کے دوران سفیر ترکیہ کی ملاقات اکیڈمی کی صدر پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف اور ڈائریکٹر جنرل سلطان محمد نواز ناصر سے ہوئی۔ اس ملاقات میں ادب، ثقافت اور زبان کے میدان میں پاک-ترک تعلقات کو وسعت دینے پر مفصل گفتگو کی گئی۔فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ ادبی شخصیات اور مشترکہ ثقافتی ورثہ دونوں ممالک کے درمیان پُل کا کردار ادا کرتے ہیں، اور ان کے ذریعے دوطرفہ عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر نزیروغلو نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ادبی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ منصوبوں کی تجویز پیش کی، جنہیں ترکیہ کے سفارتخانے کی سرپرستی میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے لکھاریوں، شاعروں، اور دانشوروں کے درمیان تبادلۂ خیالات اور ادبی تقاریب کے انعقاد پر بھی گفتگو ہوئی۔صدر اکیڈمی ڈاکٹر نجیبہ عارف اور ڈی جی سلطان نواز ناصر نے ترکیہ کے ساتھ مل کر مختلف ادبی پروگرامز اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں بھی ایسے روابط جاری رہیں گے تاکہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان ادبی و ثقافتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔