جنیوا —ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر نومان قرتلمش نے جنیوا میں اپنے پاکستانی ہم منصب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات، پارلیمانی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر اسپیکر نومان قرتلمش نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ترکیہ اور پاکستان کو علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ انہوں نے موجودہ عالمی چیلنجز، اسلاموفوبیا، فلسطین اور کشمیر کے مسائل پر بھی بات چیت کی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا۔اسپیکر ایاز صادق نے ترکیہ کی جانب سے ہر نازک موقع پر پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے نوجوان ارکانِ پارلیمان کے درمیان تبادلوں اور تربیتی پروگرامز کی ضرورت پر زور دیا تاکہ باہمی سیکھنے کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
