turky-urdu-logo

ترکیہ ایک باوقار، بااثر اور عالمی سطح پر قابل احترام ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے، قازق صدر توکایف

انقرہ —ترکیہ نے صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر ایک باوقار، بااثر اور قابل اعتماد ریاست کی حیثیت حاصل کر لی ہے۔ یہ بات قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے انقرہ میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہیں ترکیہ کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’’آرڈر آف اسٹیٹ‘‘ عطا کیا گیا۔ترکیہ کے صدارتی محل میں منعقدہ اس تقریب میں ترک صدر ایردوان نے صدر توقایف کو اس اعزاز سے نوازا، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ اعزاز پیش کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے قازقستان کو ترکیہ کا قریبی شراکت دار قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک ترک دنیا کے استحکام، ترقی اور اتحاد کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔تقریب سے خطاب میں قازق صدر توقایف نے کہا کہ ترکیہ نے حالیہ برسوں میں اقتصادی ترقی، سفارتی کامیابیوں اور قومی وقار کے فروغ میں جو پیش رفت کی ہے، وہ قابل تقلید ہے۔ ’’آج ترکیہ دنیا کی اُن ریاستوں میں شامل ہو چکا ہے جنہیں نہ صرف اپنے خطے میں بلکہ عالمی فورمز پر بھی سنجیدگی سے سنا جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی یہ پر اعتماد پیش قدمی دراصل اس کے سنہری دور کی طرف بڑھنے کا اشارہ ہے۔صدر توقایف نے صدر ایردوان کی بصیرت افروز قیادت، عالمی سیاست میں متحرک کردار، اور مسلم دنیا میں جرات مندانہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے ہر بحران میں حق اور انصاف کی حمایت کی ہے، چاہے وہ فلسطین ہو، آذربائیجان یا دنیا کے دیگر حساس خطے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترکیہ اور قازقستان کے تعلقات نہ صرف ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں بلکہ اقتصادی، تعلیمی اور اسٹریٹیجک میدانوں میں بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔دونوں صدور نے دوطرفہ ملاقات میں تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے، توانائی، زراعت، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں باہمی منصوبہ بندی کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر مختلف معاہدوں اور یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہے۔تقریب کا اختتام دونوں رہنماؤں کے باہمی خیرسگالی کے پیغامات اور علاقائی و عالمی امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کے اظہار پر ہوا۔

Read Previous

سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کی کانووکیشن تقریب میں ترک قونصل جنرل جمال سانگو کی بطور مہمان خصوصی شرکت، طلبہ کے جذبے کو سراہا گیا

Read Next

ترکیہ کے اسپیکر نعمان قرتلمش کی جنیوا میں اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان ایاز صادق سے ملاقات

Leave a Reply