turky-urdu-logo

تقریب رونمائی: صدر ایردوان نے امت مسلمہ کی آواز کو موثر انداز میں عالمی فورمز پر بلند کیا، وفاقی وزیر اطلاعات پاکستان

(رپورٹ: شبانہ ایاز ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان مسلم دنیا کے ایک مضبوط، بااصول اور جرأتمند رہنما ہیں جنہوں نے ترکیہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کی آواز کو عالمی فورمز پر موثر انداز میں بلند کیا۔ وہ ادارہ فروغ قومی زبان میں معروف محقق اور ترکیہ ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن (ٹی آر ٹی) کی اردو سروس کے سربراہ ڈاکٹر فرقان حمید کی کتاب "رجب طیب ایردوان: عالم اسلام کا ٹائیگر” کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں ترکیہ، آذربائیجان، ترکمانستان، قازقستان، ازبکستان اور روانڈا کے سفیروں سمیت ممتاز صحافیوں، محققین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صدر ایردوان کی قیادت نے ترکیہ کو نہ صرف ایک مضبوط ملک بنایا بلکہ ان کی عوام دوست پالیسیوں اور فلاحی وژن نے انہیں مسلم دنیا کا ایک عظیم رہنما بنا دیا۔ انہوں نے ایردوان کے استنبول کے میئر کے دور کو "سنہری دور” قرار دیتے ہوئے ان کی انتظامی صلاحیتوں اور موثر طرز حکمرانی کی مثال دی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں جو خلافت تحریک سے شروع ہوئے۔ انہوں نے صدر ایردوان کو پاکستان کا عظیم دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات میں عملی وسعت آئی۔ لاہور میٹرو بس اور ویسٹ مینجمنٹ جیسے منصوبوں کو ترکیہ کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، چاہے وہ قدرتی آفات ہوں یا سیاسی بحران۔ خاص طور پر بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں ترک عوام کی طرف سے پاکستانیوں سے محبت اور یکجہتی قابل تحسین ہے۔

فلسطین کے لئے ایردوان کی آواز

وفاقی وزیر نے صدر ایردوان کی فلسطین کے لئے جرات مندانہ آواز کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایردوان نے اقوام متحدہ، ڈی ایٹ اور شنگھائی تعاون تنظیم جیسے پلیٹ فارمز پر فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائی۔ انہوں نے پناہ گزینوں کے لئے ترکیہ کے کھلے دروازوں کی پالیسی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان، جو خود مہاجرین کے تجربے سے گزرا ہے، اس اقدام کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھی فلسطینیوں کے لئے انسانی امداد بھجوائی اور طلباء کو میڈیکل تعلیم کے مواقع فراہم کئے۔

کتاب کے مصنف ڈاکٹر فرقان حمید نے کہا کہ صدر ایردوان کی جدوجہد، فلاحی وژن اور عوامی خدمت پر مبنی سیاسی سفر نہ صرف ترکیہ بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے ایک تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایردوان کی قیادت میں ترکیہ نے دفاعی خودکفالت، اقتصادی استحکام اور جمہوریت کے تحفظ میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کتاب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان روحانی، تاریخی اور برادرانہ تعلق کو دلنشیں انداز میں بیان کیا۔ ڈاکٹر فرقان نے کہا کہ ایردوان کی تقاریر میں علامہ اقبال کی شاعری کا حوالہ دینا ان کی پاکستان سے والہانہ عقیدت کا ثبوت ہے۔

تقریب نے پاکستان اور ترکیہ کے گہرے تعلقات اور صدر ایردوان کی امت مسلمہ کے لئے خدمات کو اجاگر کیا۔ کتاب "رجب طیب ایردوان: عالم اسلام کا ٹائیگر” ان کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان سے گہرے تعلق کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع ثابت ہوئی۔

Read Previous

پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا رابطہ، غزہ میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت

Read Next

ترکیہ کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عمل پوری قوم کا مشترکہ منصوبہ ہے، صدر ایردوان

Leave a Reply