
(فیصل بن نصیر) یورپی سیاحتی صنعت نے سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں دو فیصد ترقی کے ساتھ 7.25 بلین امریکی ڈالر کے اخراجات ریکارڈ کیے، جب کہ بین الاقوامی سیاحوں کی آمد 125 ملین تک پہنچ گئی۔ یہ اعداد و شمار اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ٹورازم کے یورپی کمیشن کے 71ویں اجلاس میں پیش کیے گئے، جو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ یہ پیش رفت عالمی سطح پر یورپ کی سیاحت کی بحالی کا مظہر ہے، اگرچہ خطے کو جنگی حالات اور معاشی غیر یقینی صورتحال جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔
یو این ٹورازم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نتالیہ بیونا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ،سیاحت نہ صرف معاشی شعبوں میں سب سے اہم ہے بلکہ انسانیت سے جڑا شعبہ بھی ہے۔ یہ خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے ہر طبقے کو ترقی، روزگار اور استحکام فراہم کرنے کی بے مثال صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے آذربائیجان کی میزبانی اور وژن کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پورے خطے میں امن، ترقی اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں سیاحت کا کردار کلیدی ہے۔
آذربائیجان کی مضبوط شراکت داری کا مظاہرہ
جمہوریہ آذربائیجان کی ریاستی سیاحتی ایجنسی کے چیئرمین فواد ناگیئوف نے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ، یو این ٹورازم کمیشن کا باکو میں انعقاد نہ صرف ہماری بین الاقوامی شراکت داری کے عزم کی عکاسی ہے بلکہ پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہماری پالیسی کا بھی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس سے آذربائیجان کی سیاحتی سفارت کاری کو تقویت ملی ہے، اور یہ ملک یورپ و ایشیا کو جوڑنے والے پل کی حیثیت سے عالمی سیاحت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
نئی تقرریاں اور نامزدگیاں
اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیاحتی اداروں میں 20 آسامیوں پر انتخابات بھی ہوئے۔26ویں جنرل اسمبلی کے نائب صدر کے لیے لتھوانیا اور سوئٹزرلینڈ کو نامزد کیا گیا۔اسناد کمیٹی کے لیے پولینڈ اور اسرائیل منتخب ہوئےجبکہ ایگزیکٹو کونسل (2025-2029) کے لیے آذربائیجان، کروشیا، فرانس، یونان اور سلووینیا کو نامزد کیا گیا۔
اس کے علاوہ، آن لائن تعلیم کمیٹی میں جمہوریہ چیکیا اور پرتگال، اوربین الاقوامی کوڈ آف ٹورسٹس کی تکنیکی کمیٹی میں جمہوریہ مالدووا اور ازبکستان کو شامل کیا گیا۔
مزید برآں، مونٹی نیگرو کو یورپی کمیشن کا چیئرمین، جبکہ لتھوانیا اور پولینڈ کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔ اسرائیل، لیتھوانیا، پرتگال اور رومانیہ کو 2027 تک یورپ کے ایجنڈے پر کام کرنے والے گروپ کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔