ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کے رضاکار اور عالمی شہرت یافتہ قومی پہلوان رضا کایا الپ اس سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان میں قربانی کی مہم میں بھرپور انداز میں شریک ہیں۔ وہ ترک قوم کی جانب سے عطیہ کردہ قربانی کے حصص کو مستحقین تک پہنچانے کے لیے فاؤنڈیشن کے دیگر نمائندوں کے ہمراہ پاکستان میں موجود ہیں۔

قربانی مہم کے تحت پاکستان کے 14 علاقوں میں 16 مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 4,500 بڑے جانور شرعی تقاضوں کے مطابق ذبح کیے جا رہے ہیں، جنہیں 31,500 حصوں میں تقسیم کر کے مستحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔ تمام قربانیوں کا عمل ویٹرنری ڈاکٹروں اور ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کے ماہر عملے کی نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے، تاکہ صحت، وزن اور شریعت کے مطابق جانوروں کا انتخاب یقینی بنایا جا سکے۔

مردان میں قربانی کے عمل کے دوران رضا کایا الپ نے ذاتی طور پر ذبح سے قبل جانوروں کی جانچ پڑتال اور تیاری کے مراحل میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، میں گزشتہ دس برسوں سے ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کے ساتھ رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہا ہوں۔ اس دوران تنزانیہ، کرغزستان، بوسنیا جیسے مختلف ممالک میں قربانی کی مہمات میں شرکت کا موقع ملا۔ اس بار ہم پاکستان میں موجود ہیں تاکہ ترک قوم کی امانتیں ان بھائیوں تک پہنچائی جا سکیں جو اس کے مستحق ہیں۔ قربانی کے تمام مراحل انتہائی احتیاط، شریعت اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

رضا کایا الپ نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام ترکیہ سے دلی محبت رکھتے ہیں اور اس بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
