لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ترک کمرشل اتاشی نورالتین کے ساتھ لاہور کی بزنس کمیونٹی کی تفصیلی ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات میں لاہور کی بزنس کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ملاقات میں پاک ترک تجارتی تعلقات کو پروان چڑھانے اور مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ شرکاء کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئی اور درپیش چیلنجز کے بارے میں ترک کمرشل اتاشی کو آگاہ کیا گیا۔

ترک کمرشل اتاشی نور التین نے پاکستان کے تاجروں کو بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترک حکومت کی جانب سے نمائندےکے طور پر موجود ہیں،جہاں سے تجارت کو فروغ دینے کے لیے مکمل سہولیات دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے، جس کا اعلان ترک صدر ایردوان نے دورہ پاکستان کے دوران کیا تھا۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے تحت پاکستان ترکیہ بزنس کمیٹی کے کنوینئر ملک جہانگیرنےکہا کہ اس وقت تمام مسلم ممالک کو آپس میں تجارتی تعلقات کو بڑھانا چاہیے، تاکہ عالمی سازشوں کا یک جان ہوکر مقابلہ کیا جائے۔

پاکستانی بزنس کمیونٹی نے ترک اتاشی کو کسی بھی مہم کے خلافترکیہ کی مکمل حمایت کرنے کا عزم بھی کیا۔
