
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی امن اور ثقافتی روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سفیر نذیراوغلو کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور بھارت کی حالیہ جارحیت پر ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی غیر مشروط، دوٹوک اور غیر متزلزل حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ، صدر رجب طیب ایردوان کا یہ جملہ کہ ‘ہم اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں’ پاکستانی عوام کے دلوں میں نقش ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ، ترکیہ اور پاکستان صرف اتحادی نہیں، بلکہ ایمان، ثقافت اور تاریخ میں جڑے ہوئے بھائی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ اقدار کی درخشاں علامت ہیں۔
انہوں نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے دوران حکومت ترکیہ اور خاتون اول کی مہمان نوازی پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ، پنجاب ترکیہ کے ساتھ دوستی کو معاشی تحریک میں بدلنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، کیونکہ صوبے کے پاس برآمدات کی بے مثال صلاحیت، سرمایہ کار دوست ماحول اور شاندار انفراسٹرکچر موجود ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ، 7ویں ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے دوران 24 باہمی معاہدوں پر دستخط کیے گئے جو دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی بنیاد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ، پاکستان اور ترکیہ کا باہمی رشتہ وقت کی آزمائشوں میں کندن بن کر مزید مضبوط ہوا ہے اور یہ تعلقات مستقبل میں مزید کامیابیوں کی نوید دے رہے ہیں۔