
اسلام آباد میں ترکیہ-پاکستان دوستی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے’قومی خود مختاری و بچوں کے قومی دن’ کی مناسبت سے ایک شاندار مصوری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جسے بچوں اور نوجوانوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔

اس مقابلے کا اہتمام جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو کی سرپرستی میں یونس ایمرے ترک ثقافتی مرکز اور ترک سفارتخانے کے ایجوکیشن قونصلر کے اشتراک سے کیا گیا۔ مقابلے کا مرکزی موضوع ‘ترکیہ-پاکستان دوستی و بھائی چارہ’ تھا، اور اس میں پاکستان بھر سے 1500 سے زائد فن پارے موصول ہوئے، جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کر کے جانچا گیا۔

سات سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں کے گروپ میں پہلا انعام مازن اسکولز قائد کیمپس کے سید شہیر طلحہ کو دیا گیا، جنہوں نے جماعت چہارم میں زیر تعلیم ہونے کے باوجود حیرت انگیز تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ دوسرا انعام دی سٹی اسکول اسلام آباد کی ہادیہ امجد کو، جبکہ تیسرا انعام بیکن ہاؤس شیخوپورہ کی عنایہ ہارون کو دیا گیا۔ اسی گروپ میں سیدہ طیبہ غیور، پغندہ الیاس اور زروہ نعیم خان کو خصوصی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

بارہ سے سولہ سال کی عمر کے نوجوانوں کے گروپ میں پہلا انعام پاک-ترک معارف اسکول کی اے ایس لیول کی طالبہ زینب اظہر کے حصے میں آیا، جب کہ دوسرا انعام لاہور سے رمیصہ فاطمہ اور تیسرا انعام دی سٹی اسکول اٹک کیمپس کی امینہ جواد نے حاصل کیا۔ محمد سعید اعوان خصوصی انعام ماڈل اسکول فار گرلز کی جماعت ہفتم کی طالبہ سعاد اجمل کو دیا گیا، جب کہ رمیصہ آصف، منحہ بنت خالد اور رمیصہ انور کو بھی ان کی تخلیقی کاوشوں پر خصوصی اسناد اور انعامات دیے گئے۔

مقابلے کے منتظمین اور ترک سفارتخانے نے تمام شرکاء، ان کے والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ، اس طرح کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کریں گی۔




