turky-urdu-logo

جنوبی ایشا میں طاقت کا توازن، ایک نئی حقیقت

طاقت ایک ایسا تصور ہے جو صرف ایک ہی صورت میں قائم رہتا ہے۔ جب تک اسے آزمایا نہ جائے۔ کہتے ہیں طاقت اور حکمت کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے۔ ایک باشعور قیادت اپنے ہتھیار صرف اس وقت استعمال کرتی ہے جب اُسے یقین ہو کہ وار نشانے پر لگے گا اور دشمن کو فیصلہ کن نقصان پہنچائے گا۔ طاقت کا استعمال بار بار اور بلا ضرورت ہونے لگے تو اس کا طلسم ٹوٹنے لگتا ہے۔ اور ہر معرکے میں طاقتور کی کمزوریاں بھی عیاں ہوتی ہیں۔

عالمی حالات و واقعات کی مہربانی سے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھ گزشتہ دھائی کے دوران طاقت کی چھڑی آ گئی تھی۔ ایک بڑی فضائیہ، ایٹمی آبدوزوں اور طیارہ بردار جہازوں سے لیس دیو ہیکل بحریہ، عددی اعتبار سے دنیا کی بہت بڑی برّی فوج ، مجموعی طور پر خوفناک عسکری قوت کے ساتھ ابھرتی ہوئی معاشی طاقت، اور نیٹو و کواڈ ممالک اور ان کے زیر اثر عرب ممالک کی سفارتی اور سیاسی مدد۔ اندرون ملک آر ایس ایس اور ہندوتوا طاقتوں کے ایک منظم کلٹ کی غیر مشروط حمایت۔

نریندر مودی کو بہم پہنچائی گئی اس "قوت قاہرہ” کا واحد مقصد تو مکمل یکسوئی کے ساتھ چین کو چیلنج کرنا تھا۔

لیکن مودی نے اس مقصد کو نظر آنداز کر کے بار بار پاکستان کے ساتھ طاقت آزمائی کی۔ دو ہزار 16 میں سرجیکل اسٹرائیک، 2019 بالاکوٹ، اور 2025 میں فضائی حملے۔ ان کا مقصد کسی نشانے پر وار کرنا نہیں تھا، بلکہ اندرون ملک اور دنیا کو ایک تاثر دینا تھا کہ بھارت طاقت ور ہے، اور یہ طاقت نریندر مودی کی مرہون منت ہے۔

لیکن طاقت کا یہ تاثر، جب حقیقت کی کسوٹی پر پرکھا گیا، تو بکھر گیا۔ بھارت نے اپنی طاقت کا مظاہرہ تو کیا، مگر اس کے نتیجے میں جو کچھ سامنے آیا، وہ نہ صرف عسکری بلکہ نفسیاتی اور سفارتی سطح پر بھی ایک ذلت آمیز پسپائی تھی۔

پاکستان نے اس جارحیت کے جواب میں نہایت تحمل اور تدبر کا مظاہرہ کیا۔ نہ کوئی غیر ضروری ردعمل، نہ جوش میں بہنے والے بیانات۔ بلکہ حکمت، خاموشی، اور مربوط دفاعی تیاریوں کے ساتھ، پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ صرف دفاعی انداز میں نہیں بلکہ پیشگی اطلاعات، مربوط فضائی نیٹ ورک، اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے دشمن کے ارادے بھانپ کر روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جب بھارتی فضائیہ نے رات کی تاریکی میں پاکستانی فضائی حدود میں دراندازی کی کوشش کی، تو انہیں جس ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، وہ ان کی توقعات سے کہیں آگے کا تھا۔ پاکستان نے نہ صرف بھارتی طیاروں کو روکا، بلکہ ان میں سے کئی جدید طیارے — جن میں رافیل بھی شامل تھا — تباہ کر دیے۔ یہی وہ لمحہ تھا جہاں بھارت کی "فضائی برتری” کا افسانہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا۔

اگلے اڑتالیس گھنٹے بعد جب پاکستان نے عسکری تنصیات پر جوابی حملے شروع کیے تو بھارت کا ائیر ڈیفنس سسٹم پہلے ہلے میں ہی ڈھیر ہو گیا۔ بھارتئی فضائی مقابلے پر ہی نہیں آئی۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی سیٹلائیٹ، کمیونکیشن سسٹم اور ڈیٹا لنک جام کر دیے گئے۔ جس کی وجہ سے بھارت میزائل برسانے والے ایک بھی پاکستانی لانچر کو ٹریس، ٹریک یا نشانہ نہیں بنا سکا۔     

بھارتی میڈیا نے اس جھڑپ کو نفسیاتی فتح میں بدلنے کی بھرپور کوشش کی۔ اسلام آباد کے “سقوط” سے لے کر پاکستانی فوجی قیادت کی “گرفتاری” جیسے جھوٹے دعوے کیے گئے۔ لیکن جب صبح ہوئی تو سچ سب کے سامنے آ چکا تھا — لیکن حقیقت کی دنیا میں کوئی فتح نہیں ہوئی، کوئی ہدف حاصل نہیں ہوا، پاکستان کو نیچا دیکھانا ایک خواب تھا جو بُری ٹوٹ گیا۔

یہ صرف عسکری سطح پر شکست نہیں تھی، بلکہ بھارت کی اُس نفسیاتی برتری کا خاتمہ تھا جس کے سہارے وہ خود کو جنوبی ایشیا کا واحد طاقتور ملک سمجھتا رہا۔ دوسری طرف، پاکستان نے اپنے وقار، تحمل، اور پیشہ ورانہ دفاع سے عالمی سطح پر ایک نئی شناخت بنائی — ایک ایسی ناقابل شکست ریاست جو نہ صرف اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہے، بلکہ خطے کے تزویراتی توازن کی کنجی بھی ہے۔

یہ کشیدگی ایک اور پہلو سے بھی اہم تھی — پاکستان اور چین کی عسکری ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ۔ چینی ISR سسٹمز، ریڈارز، اور میزائل ٹریکنگ نیٹ ورکس کی مدد سے پاکستان نے نہ صرف بھارتی طیاروں کی نقل و حرکت کی پیشگی نگرانی کی، بلکہ اپنی فضائیہ کو انتہائی مخصوص انداز میں ردعمل دینے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ یہی نیٹ ورکڈ وارفیئر کا وہ ماڈل تھا جس نے بھارت کی تکنیکی برتری کا طلسم توڑ دیا۔

سمندر میں بھی بھارت کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی فلیگ شپ کیریئر INS وکرانت، جو حملے کے لیے آگے بڑھا تھا، ایک پاکستانی P-3C Orion کی ریڈار لاکنگ کے بعد پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا۔ یہ عمل خود ایک علامتی پیغام تھا — کہ پاکستان کسی بھی محاذ پر، کسی بھی سطح پر، دشمن کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ محض چند روزہ عسکری جھڑپ نہیں، بلکہ یہ جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کے ازسرِ نو تعین کا معرکہ تھا۔ بھارت، جو "اکھنڈ بھارت” جیسے جارحانہ قوم پرستی کے نعروں کے سہارے خطے پر غلبے کا خواب دیکھ رہا تھا، اب ایک حقیقت کا سامنا کر رہا ہے — کہ پاکستان نہ صرف عسکری، بلکہ نفسیاتی اور سفارتی سطح پر خود کو ایک برتر قوت منوا چکا ہے۔

اس معرکے کے بعد، نہ صرف بھارت کے اندر سوال اٹھنے لگے ہیں، بلکہ عالمی برادری میں بھی تاثر بدل چکا ہے۔ عرب دنیا اب مودی کو ویسی عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھے گی جیسی پہلے دیتی تھی۔ مغرب، خاص طور پر امریکہ، جو بھارت کو چین کے مقابل خطے کا توازن قرار دیتا تھا، اب پاکستان کی حکمت اور دفاعی صلاحیت کو بھی تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔

پاکستان، جسے برسوں تک ایک "ناکام ریاست” کے طور پر پیش کیا جاتا رہا، اب جنوبی ایشیا کی تزویراتی حقیقت کا ایک لازمی ستون بن چکا ہے۔ یہ تبدیلی محض طاقت کی نہیں، بلکہ فہم، برداشت، اور تکنیکی ہم آہنگی کی فتح ہے۔

یہ واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ طاقت صرف ہتھیاروں کا نام نہیں — بلکہ اسے چلانے کی حکمت، تحمل، اور پیشگی تیاری اصل کامیابی کا سبب بنتی ہے۔ پاکستان نے ایک ایسے وقت میں اپنی طاقت کا درست استعمال کیا جب اسے سب سے زیادہ ضرورت تھی — اور یہی وہ لمحہ ہے جس نے نہ صرف بھارت کی حکمتِ عملی کو بے نقاب کیا، بلکہ پاکستان کو نئی تاریخی بلندی پر بھی پہنچا دیا۔

Read Previous

ترکیہ، اردن اور شام کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Read Next

بنیان مرصوص کے بعد جہاد اکبر کے لیے پیش قدمی؟

Leave a Reply