وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ترکیہ چین اور آذربائیجان نے پاکستان کی حمایت کا واضح اعلان کیا ہے۔ یہ ممالک مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں جن پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بھارت نے سویلینز کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ۔ ہم بھارتی عوام کو نہیں ان کی افواج کو نشانہ بنائیں گے۔ چند روز میں پتا چل جائے گا ہماری افواج کیسے ملک کی حفاظت کرسکتی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ڈرون حملے ہماری لوکیشن کو ٹریس کرنے کے لیے کیےگئے، ڈرون حملوں کو دانستہ انٹرسیپٹ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں جس سے ہمارا رابطہ نہ ہو، پاک بھارت کشیدگی میں دنیا نیوٹرل کھڑی ہے، ہماری افواج ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پہ بہادری سے مقابلہ کررہی ہیں۔
